الیکشن کمیشن نے انتخابی نشانات کی نئی فہرست مرتب کر لی
|
21 Oct 2023
الیکشن کمیشن کی جانب سے رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کو 144 انتخابی نشانات الاٹ کر دیے گئے جبکہ آزاد امیدواروں کیلیے 182 نشانات مختص ہیں۔ فہرست میں پاکستان تحریک انصاف کیلیے بلے کا نشان بھی شامل ہے۔
مرتب کردہ انتخابی فہرستیں ضلعی الیکشن کمشنرز کو ارسال کر دی گئیں۔ الیکشن کمیشن نے ہدایت جاری کی ہے کہ سب سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ مہیا کیا جائے۔
چند روز قبل الیکشن کمیشن نے 25 اکتوبر کو ملک بھر میں تمام انتخابی فہرستوں کو منجمد کرنے کا اعلان کیا تھا۔ 25 اکتوبر کے بعد ووٹ کا اندراج ہو سکے گا اور نہ ہی منتقلی، 8 لاکھ سے زائد افراد کا ڈیٹا نادرا سے حاصل کر لیا جنہیں ووٹرز بنانے کیلیے ڈیٹا انٹری جاری ہے۔
ترجمان نے بتایا تھا کہ یہ تمام افراد آئندہ عام انتخابات میں ووٹ پول کر سکیں گے، ووٹ اندراج، منتقلی اور کوائف درستگی میں صرف 10 دن رہ گئے ہیں، ووٹ کے اندراج، تبدیلی اور کوائف درستگی 25 اکتوبر تک کی جا سکتی ہے۔
الیکشن کمیشن نے ہدایت کی تھی کہ اپنے اور اپنے اہل خانہ کے ووٹ کے اندراج کو یقینی بنائیں۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے 28 ستمبر کو عام انتخابات کی تیاریوں کے تحت ووٹرز لسٹیں غیر منجمد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ 20 جولائی کو ووٹرز لسٹیں منجمد کی تھیں تاہم بعد میں الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ ووٹرز لسٹیں 25 اکتوبر 2023 تک غیر منجمد رہیں گی تاکہ تمام اہل افراد اپنے ووٹ کا اندراج کروا سکیں، 25 اکتوبر تک ووٹ کا اخراج، منتقلی اور شناختی کارڈ کے مطابق کوائف درستی کی جا سکتی ہے۔
اس سے ایک دن قبل الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کیلیے حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرست کی منظوری دی تھی۔ ڈیجیٹل مردم شماری کے تحت نئی حلقہ بندیوں کی ابتدائی فہرستیں جاری کی گئیں جو الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی موجود ہے۔
Comments
0 comment